شیموگہ،14؍جون (ایس او نیوز)ریاست کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں کام انجام دے رہے ڈاکٹرس کی حاضری کی نگرانی کیلئے جیوفینسنگ لگائے جانے کا منصوبہ بنایاگیاہے۔ اس نظام کوعمل میں لانے سے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور عملہ کی حاضری پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔یہ بات ریاستی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود اور میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر کے سدھاکر نے کہی۔
انہوں نے یہاں سمس میڈیکل کالج کا دورہ کرکے کوروناپر قابوپانے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں یہاں کے ڈاکٹروں اور عملہ سے تفصیل اکٹھاکی اور کہاکہ خود اپنی مرضی سے اورخدمت کے جذبے سے ڈاکٹر کے پیشے کا انتخاب کیاجاتا ہے،ایسے نازک حالات میں ذمہ داری انجام دینے میں لاپروائی ہرگز نہ برتیں۔چند برسوں سے ڈاکٹرس کی حیثیت سے کام انجام دے رہے ڈاکٹرس کو 2تا3لاکھ روپئے تنخواہیں دی جارہی ہیں۔ڈاکٹر کے پیشے کو سماج میں عزت کی نظرسے دیکھاجاتاہے اور مقدس ماناجاتاہے۔اس کے تقدس کو برقراررکھنا ڈاکٹرس کی ذمہ داری ہے۔ضلع میں علاج کیلئے داخل ہوئے مریضوں کی دو دنوں میں 24فیصد افراد کی موت ہوچکی ہے،جو افسوس ناک اور غور کرنے کی بات ہے۔
اس سلسلے میں بنگلورسے ماہرین کی ٹیم روانہ کرکے جائزہ لیاجائے گا۔اسپتال میں داخل ہونے کیلئے آنے والے مریضوں کی ٹھیک طریقے سے دیکھ بھال کی جانی چاہئے اور تما م تفصیل جاننے کی کوشش کرنی ہوگی۔آئی سی یو سمیت اسپتال کے سبھی وارڈوں میں سی سی کیمرے نصب کئے جانے چاہئیں۔
وزیر موصوف نے کہاکہ ریاست کے ہر ضلع میں بچوں کیلئے 100آئی سی یو بیڈس کا انتظام کئے جانے پر غور کیاجارہاہے،ان آئی سی یو یونٹس میں کام انجام دینے کیلئے عملہ کی قلت پیش نہ آئے اس لئے درکار عملہ کا تقرر عمل میں لایاجائے گا۔
اس موقع پر شیموگہ میڈیکل کالج کے اڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈاکٹر سدپا،میگان اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دتاتری،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر راجیش اور دیگر حاضر تھے۔